پاکستان کی سابق قومی بیڈمنٹن چیمپئن پلوشہ بشیر نے کینیڈین ماسٹرز چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 35 پلس ویمنز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل مقابلے میں پلوشہ نے کینیڈا کی ٹاپ سیڈ کھلاڑی اینا رائس کو شکست دے کر ٹرافی حاصل کی۔
فتح کے بعد پلوشہ بشیر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایونٹ میں مختلف ممالک سے 300 سے زائد کھلاڑی شریک ہوئے تھے، ایسے میں یہ کامیابی ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ماسٹرز کیٹیگری میں شرکت کا مطلب یہ نہیں کہ ان کا اوپن کیٹیگری کیریئر ختم ہو چکا ہے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والی پلوشہ نے 2009 میں پہلی مرتبہ قومی ویمنز سنگلز اور ڈبلز ٹائٹلز جیتے تھے۔
وہ 2010 کے ساؤتھ ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ بھی حاصل کر چکی ہیں جبکہ 2014 ایشین گیمز اور 2014 و 2018 کامن ویلتھ گیمز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔