اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کم آمدن والے طبقے کے لیے سستے گھروں کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ہاؤسنگ کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ہاؤسنگ کے شعبے میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے رہائش کی فراہمی، سستے گھروں کے منصوبے، نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور بے ہنگم شہری پھیلاؤ کی وجہ سے زرعی زمین پر دباؤ بڑھ رہا ہے، جس کے لیے مناسب حکمت عملی اختیار کرنا ضروری ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ہاؤسنگ کے شعبے میں تمام معاملات کو ڈیجیٹائز اور آٹو میٹ کیا جائے تاکہ شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سیکٹر میں بیرون ملک سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے اس شعبے کو ضابطہ کار کے تحت لانا ضروری ہے۔
اجلاس کو ہاؤسنگ سیکٹر میں اصلاحات کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہاؤسنگ کے شعبے میں شفافیت لانے کے لیے معتبر سرمایہ کاروں اور ڈویلپرز کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ریگولیٹری فریم ورک کو سہل بنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ ہاؤسنگ اور ڈیولپمنٹ سیکٹر میں کام کرنے والوں کے لیے ایس ای سی پی میں رجسٹریشن لازمی قرار دینے کی تجویز بھی دی گئی۔
بریفنگ میں شہروں کے بے ترتیب پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکمت عملی بنانے، بڑے شہروں میں اونچی عمارتوں اور ورٹیکل ایکسپینشن کی حوصلہ افزائی کرنے اور بڑے شہروں کے لیے ماسٹر ٹاؤن پلاننگ متعارف کرانے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
اس کے علاوہ ڈویلپرز، خریداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے ون ونڈو سسٹم قائم کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔
وزیراعظم نے ان تجاویز کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ مشاورت کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ، وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد بٹ، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔