پاکستان نے اپنے خلاف مودی کی ہر پالیسی کو سفارتی اور اخلاقی میدان میں پچھاڑ دیا؛ سربراہ را

را کے سابق چیف نے مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ پاکستان کی تعریف کی


ویب ڈیسک May 14, 2026
را کے سابق چیف نے مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ پاکستان کی تعریف کی

بھارت کی خفیہ ایجنسی را کے سابق سربراہ اے ایس دلت نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف جنگی حکمتِ عملی اور اسے عالمی سطح پر تنہا کرنے کی بھارتی پالیسی مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔

بی بی سی اردو کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں سابق را چیف نے کھل کر کہا کہ نہ تو فوجی محاذ آرائی اور نہ ہی پاکستان کو سفارتی طور پر الگ تھلگ کرنے کی کوششیں بھارت کے کسی کام آ سکیں۔

انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں جوہری طاقتوں، پاکستان اور بھارت، کے درمیان مسائل کا واحد قابلِ عمل حل مذاکرات ہیں۔

سابق را چیف کا مزید کہنا تھا کہ بار بار کی فوجی جارحیت اور سخت گیر پالیسیوں سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوا بلکہ اس سے دونوں ممالک کشیدگی کا شکار ہوئے ہیں جس کا نقصان پورے خطے کو پہنچ رہا ہے۔

بھارتی خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ اے ایس دلت کے یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب پاکستان نے بھارت کے خلاف معرکہ حق کی تاریخی فتح کا جشن منایا ہے۔

مبصرین کے مطابق دلت کا یہ اعتراف بھارت کی مودی سرکار کی اس سخت گیر سوچ کے لیے بڑا دھچکا ہے جس میں پاکستان مخالف پالیسی کو طاقت کی علامت کے طور پر پیش کیا جاتا رہا ہے۔

بھارت میں را کے سابق چیف کے ان خیالات پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ بعض حلقوں نے انہیں حقیقت پسند قرار دیا جبکہ قوم پرست عناصر نے ان پر پاکستان کے حوالے سے نرم مؤقف اختیار کرنے کا الزام لگایا۔

واضح رہے کہ اے ایس دلت سابق بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے دور میں را کے سربراہ رہے اور کشمیر امور میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔