لاہور میں موسلادھار بارش، لیسکو کے 124 فیڈرز ٹرپ کر گئے، پروازیں تاخیر کا شکار

بجلی کی بندش والے علاقوں میں ڈسپوزل اسٹیشن کو جنریٹرز پر چلانے کی ہدایات دی گئی ہی، ایم ڈی واسا


ویب ڈیسک May 14, 2026
فوٹو: فائل

لاہور بھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جہاں لیسکو کے 124 فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق موٹروے ایم 2 پر ٹھوکر، بابو صابو سے شیخوپورہ تک بارش اور تیزہوا ہے، ایسٹرن بائی پاس سے کامونکی تک، موٹروے ایم 11 پر کامونکی سے  سمبڑیال تک موسلادھار بارش ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ موٹروے ایم 3 پر مرید والا سے درخانہ تک، قومی شاہراہ سینٹرل زون میں ٹھوکر، مانگا منڈی پتوکی اور اوکاڑہ میں طوفان اور بارش ہوئی۔

ترجمان سنٹرل ریجن نے بتایا کہ ساہیوال، ہڑپہ چیچہ وطنی اور میاں چنوں میں آندھی اور طوفان ہے۔

شہریوں سے انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران حدِ رفتار کم رکھیں اور غیر ضروری اوورٹیکنگ سے گریز کریں، وائپرز درست رکھیں، پھسلن والی سڑک پر انتہائی محتاط ڈرائیونگ کریں اور اپنی گاڑی کے آگے مناسب فاصلہ رکھیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم ڈی واسا غفران احمد نے لاہور کی مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز کو کلیئر رکھنے کی ہدایات کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام افسران اور عملہ فیلڈ میں متحرک رہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش والے علاقوں میں ڈسپوزل اسٹیشن کو جنریٹرز پر چلانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

ترجمان لیسکو نے بتایا کہ لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش کے نتیجے میں بجلی کی طلب 3860 میگاواٹ اور فراہمی 3900میگاواٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارش کے باعث لیسکو کے 124 فیڈرز اور لاہور کے مختلف علاقوں میں 38 فیڈرز ٹرپ کر گئے تاہم بارش رکتے ہی فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ بجلی معطل ہونے کی صورت میں لیسکو کو مطلع کرکے عملے کے آنے کا انتظار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں اپنے متعلقہ علاقے کے کمپلینٹ آفس سے فوری رابطہ کریں یا  118 پر اطلاع دیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر رمضان بٹ نے بتایا کہ موسم کی خرابی کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ کی صارفین سے تعاون کی اپیل ہے، دوران بارش اپنے بچوں اور پالتو جانوروں کو بجلی کی تنصیبات سے دور رکھیں۔

پروازیں تاخیر کا شکار

لاہور موسم کی خرابی کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اندرون اور بیرون ممالک جانے والی 4 پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

تاخیر کا شکار ہونے والی پروازوں میں پی آئی اے کی جدہ جانے والی پرواز، ائیر بلیو کی کراچی، سعودی ائیر لائن کی جدہ اور فلائی دبئی کی دبئی جانے والی پرواز شامل ہےْ

ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ موسم بہتر ہوتے ہوئے پروازیں روانہ ہو جائیں گی۔