پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کو دوسرے میچ میں67 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی انٹرنیشنل ویمن ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی،پاکستان کی فتح میں ایمان فاطمہ کی جارحانہ بیٹنگ اور نشرح سندھو کی شاندار بولنگ نے اہم کردار ادا کیا ،پاکستان کے 4 وکٹوں پر 170 رنز کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم 8وکٹوں پر103رنزہی بناسکی، پاکستان نے پہلا میچ153 رنز کے ریکارڈ مارجن سے جیتا تھا، سیریز کا تیسرا اور آخری میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو نیشنل بینک اسٹیڈیم پر پاکستان ویمن ٹیم نے دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 170رنز بنائے،ایمان فاطمہ نے میچ میں اپنی شمولیت کو درست ثابت کیا، انہوں نے اپنی پہلی نصف سینچری جڑتے ہوئے 43 گیندوں پر 10 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے جارحانہ انداز میں 79 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔
نتالیہ پرویز 19 گیندوں پر 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں،منیبہ علی نے 33 گیندوں پر4 چوکوں کی مدد سے 36 رنز کی اننگ کھیلی،میچ میں پاکستان کی پہلی وکٹ 4.3 اوور میں 27 رنز پر گری، ون ڈے سیریز کی پلیئر آف دی میچ گل فیروزہ محض 9 رنز بنا کر اؤٹ ہو گئیں، 6.1 اوورز میں 35 رنز پر پاکستان ویمن ٹیم کو دوسرا نقصان عائشہ ظفر کے رن آؤٹ ہونے پر ہوا۔
پہلے میچ میں 47 گیندوں پر جارحانہ سینچری جڑنے والی عائشہ ظفر 3 رنز کی مہمان رہیں،ارم جاوید نے 5رنز بنائے،پاکستان ویمن ٹیم نے پاور پلے کے6 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر محض34 رنز بنائے۔
کامیابی کے لیے ملنے والے 171 رنز کے تعاقب میں زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم8وکٹوں پر103 رنز کی جوڑ سکی،کپتان نو ویلو سبانڈا نے 37 گیندوں پر ناقابل شکست 18 رنز جوڑ کر مزاحمت کی،کدوزئی نے 14 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں، ایڈل اور لنڈو نے12،12،بیلوڈ بیزا نے 11 اور نتاشہ نے 10 رنز کے ساتھ مزاحمت کی،نشرح سندھو نے2 کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔
فاطمہ ثنا، سدرہ اقبال،عائشہ ظفرنتالیہ پرویز اور طوبہ حسن نے1،1 وکٹ اپنے نام کی،میچ میں پاکستان نے 3 تبدیلیاں کیں،عالیہ ریاض ،رامین شمیم اور امبر کائنات کو آرام دیا گیا ان کی جگہ ایمان فاطمہ، ارم جاوید اور نشرح سندھو کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔