چارسدہ: مولانا شیخ ادریس کی ٹارگٹ کلنگ سے متعلق تفتیش میں اہم پیشرفت

تفتیشی حکام کے مطابق چارسدہ، نوشہرہ اور پشاور کے مختلف علاقوں کی جیو فینسنگ کا عمل بھی جاری ہے


ویب ڈیسک May 15, 2026

چارسدہ میں مولانا شیخ ادریس کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے سے متعلق تفتیش جاری ہے، جبکہ واردات کے سلسلے میں 7 اہم گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق ملزمان کو مردان ریجن سے گرفتار کیا گیا ہے اور ان سے مختلف زاویوں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق چارسدہ، نوشہرہ اور پشاور کے مختلف علاقوں کی جیو فینسنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ جائے وقوعہ کے اطراف مشکوک افراد کی پروفائلنگ پر مختلف زاویوں سے کام کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایک مبینہ ٹارگٹ کلر کے وقوعے کے بعد چارسدہ سے باہر فرار ہونے کی ویڈیو پر بھی تفتیش جاری ہے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹارگٹ کلر صبح 5 بج کر 30 منٹ کے بعد چارسدہ میں داخل ہوا تھا۔

تفتیشی حکام کے مطابق مبینہ ٹارگٹ کلر موٹرسائیکل پر چمکنی پہنچا اور وہاں سے سروس روڈ کے ذریعے چارسدہ گیا۔ واردات کے بعد اسے کوہاٹ روڈ کی فوٹیج میں بھی دیکھا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پشاور سیف سٹی ٹیم سمیت دیگر تفتیشی یونٹس بھی کیس پر کام کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ 5 مئی کو مولانا شیخ ادریس دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے۔