ایم کیو ایم رکن سندھ اسمبلی کی جانب سے کراچی میں بڑھتے اسٹریٹ کرائمز پر تحریکِ التواء جمع

مارچ 2026 میں موبائل اسنیچنگ کے 1265 جبکہ اپریل 2026 میں 1624 واقعات رپورٹ ہوئے


ویب ڈیسک May 15, 2026

کراچی:

سندھ اسمبلی کے رکن محمد عامر صدیقی کی جانب سے کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز پر صوبائی اسمبلی میں تحریکِ التواء جمع کروا دی گئی۔

جمع کروائی گئی تحریک التوا میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں موبائل، موٹر سائیکل اور گاڑی چھیننے کی وارداتوں میں خطرناک اضافہ ہوگیا جس پر شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

مارچ 2026 میں موبائل اسنیچنگ کے 1265 جبکہ اپریل 2026 میں 1624 واقعات رپورٹ ہوئے۔ موٹر سائیکل اور کار اسنیچنگ کے واقعات میں بھی مسلسل اضافے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

محمد عامر صدیقی نے ایوان کی توجہ کراچی میں خراب امن و امان کی صورتحال کی جانب مبذول کرواتے ہوئے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

انہوں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات اور پولیس گشت بڑھانے کی اپیل کر دی۔