چین کے نوجوان دِکھنے والے ادھیڑ عمر اداکار سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ 40 سالہ ہُو شیانگ کی سوشل میڈیا پر ان کی اہلیہ کے ساتھ تصویر وائرل ہوئی۔
چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہُو شیانگ کی پیدائش پری میچور تھی کیونکہ اُن کی والدہ حمل کے دوران غذائی کمی کا شکار رہی تھیں۔ بچپن سے ہی وہ اپنی عمر کے بچوں کے مقابلے میں چھوٹے دکھائی دیتے تھے، لیکن تقریباً نو سال کی عمر میں اُن کی جسمانی نشوونما تقریباً رک گئی، اور پھر وہ ساری زندگی ایک کم عمر لڑکے جیسے نظر آنے لگے۔
اپنی بالغ زندگی کے بیشتر حصے میں لوگ انہیں ایک اسکول کے بچے یا ٹین ایجر سمجھتے رہے اور اکثر پوچھتے تھے وہ کس اسکول میں پڑھتے ہیں۔ لیکنہُو شیانگ نے ان باتوں کو اپنی منزل کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔
خاندان کی بھرپور حمایت سے انہوں نے اداکاری کا میدان اپنایا اور 2005 میں مشہور سِٹ کام ہوم وِد کڈز میں ایک پرائمری اسکول کے طالبعلم کا کردار ادا کر کے شہرت حاصل کی۔ اُس وقت اُن کی عمر 19 سال تھی۔
بعد ازاں ہُو شیانگ نے اسٹیپ فادر، چوانگ گوانگڈونگ اور ٹَنل وار فیئر جیسے مقبول ڈراموں میں بھی کام کیا، جہاں انہوں نے زیادہ تر کم عمر کردار نبھائے۔