مشرق وسطیٰ بحران، پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے ایئرانڈیا کاخسارہ 2 ارب ڈالر سے تجاوز

گزشتہ چندماہ میں ایئر انڈیا اپنی کئی بین الاقوامی پروازیں بند کرچکی ہے اور سرمایہ کاری میں بھی شدید کمی آئی ہے، رپورٹ


ویب ڈیسک May 16, 2026
فائل: فوٹو

مشرق وسطیٰ میں جاری بحران اور پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کے باعث ایئر انڈیا کا سالانہ خسارہ 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی مودی سرکار کی ناقص پالیسیوں کے باعث گرتی ہوئی بھارتی معیشت پر بیرونی سرمایہ کاروں کا عدم اعتماد مزید بڑھ گیا ہے اور ایئر انڈیا کے شیئر ہولڈر سنگاپور ایئرلائنز کی رپورٹ نے بھارتی ایوی ایشن کی گرتی ہوئی ساکھ کو بے نقاب کر دیا ہے۔

غیرملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق بھارتی ایئرلائن ایئر انڈیا کا سالانہ خسارہ 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کی بندش کے باعث ایئر انڈیا شدید مشکلات کا شکار ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ چند ماہ میں ایئر انڈیا اپنی کئی بین الاقوامی پروازیں بند کر چکی ہے اور سرمایہ کاری میں بھی شدید کمی آئی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ بھارتی ایئرلائن کے سالانہ منافع میں 57.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو مزید بڑھنے کی توقع ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان کی جانب سے مؤثر حکمت عملی کے باعث بھارتی ایئرلائن کو شدید نقصانات کا سامنا ہے، یہ صرف ایک ایئرلائن کا نقصان نہیں بلکہ بھارتی معیشت کے کھوکھلے پن اور ایئر انڈیا کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔