ریڈ لائن منصوبے پر کام تیزی سے جاری، اگست تک مکس ٹریفک لینز مکمل کرلیں گے، شرجیل میمن

آئندہ ماہ پاکستان کی پہلی سرکاری ٹیکسی اسکیم بھی شروع کی جائے گی، وزیر ٹرانسپورٹ


ویب ڈیسک May 17, 2026

کراچی:

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور اگست تک مکس ٹریفک لینز مکمل کر لیں گے۔

ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر سب سے بڑا مسئلہ مکس ٹریفک کا ہے، جس کے حل کے لیے 24 گھنٹے کام جاری ہے جبکہ یوٹیلیٹی لائنز کی منتقلی بھی تیزی سے کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے مصروف شہر ہے، یہاں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنا دیگر شہروں کی نسبت زیادہ مشکل ہوتا ہے کیونکہ سڑکوں کے نیچے پانی، سوئی گیس اور آپٹیکل فائبر کی لائنیں موجود ہوتی ہیں، جنہیں منتقل کرنے میں وقت لگتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ کی ایک لائن کی منتقلی میں چار روز لگے۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ مکس ٹریفک لینز اگست تک مکمل کر لیے جائیں گے جبکہ 23 تاریخ کو شاہراہ بھٹو کا افتتاح بھی کر دیا جائے گا، جس سے شہریوں کے سفر کا وقت ایک گھنٹہ کم ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پورٹ سے کام صادق پل تک بالائی گزرگاہ تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی مکمل توجہ میگا پراجیکٹس پر مرکوز ہے اور یہ منصوبے آج کے لیے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بنائے جا رہے ہیں، جن سے آئندہ 100 سال تک فائدہ حاصل ہوگا۔

وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق آئندہ ماہ پاکستان کی پہلی سرکاری ٹیکسی اسکیم بھی شروع کی جائے گی۔