جوہرآباد کے علاقے صوبہ نگر دستگیر میں 2 گروپوں کے درمیان تصادم میں ملوث 24 افراد گرفتار کر کے دونوں فریقین کے خلاف پولیس مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ہفتے کی شب جوہر آباد کے علاقے صوبہ نگر بلاک 9 دستگیر میں بچوں کے درمیان ہونے والے معمولی جھگڑے کے بعد دو گروپوں میں تصادم کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر پتھراؤ، جلاؤ گھیراؤ اور شرپسندی کی گئی۔
جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کیا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران تصادم میں ملوث دونوں گروپوں کے مجموعی طورپر24 افرادکوگرفتار کرلیا۔واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر 167/2026 بجرم دفعات 147/148/149/435/427 پولیس مدعیت میں دونوں گروپس کے خلاف جوہر آباد میں درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے بعد دونوں خاندانوں کے بڑے افراد بھی آپس میں الجھ پڑے تھے جس کے باعث صورتحال شدت اختیار کرگئی اور دونوں جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی پولیس امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے یا شرپسندی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔