منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار پنکی کیلئے خصوصی سیکیورٹی پلان تیار

ملزمہ کی کڑی نگرانی کےلیے نفری دو شفٹوں میں تعینات، لیڈی پولیس کی 24 گھنٹےموجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے


فوٹو اسکرین گریپ

پولیس کے ہاتھوں گرفتار انمول عرف پنکی کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی پلان تیار کیا گیا ہے اور بغدادی تھانے کے لاک اپ اور باہر سیکیورٹی مکمل ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) جنوبی کے دفتر سے جاری احکامات کے مطابق منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کی حفاظت کے لیے جاری سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے، ایک ایس پی، دو ایس ڈی پی اوز، 3 ایس ایچ اوز سمیت 40 اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں اور ملزمہ کی کڑی نگرانی کے لیے دو شفٹوں میں نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

انمول عرف پنکی کی سیکیورٹی کے حوالے سے بتایا گیا کہ پہلی شفٹ صبح 8 سے رات 8 اور دوسری شفٹ رات 8 سے صبح  بجے8 تک ہوگی، لیڈی پولیس اہلکاروں کی 24 گھنٹے موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح لاک اپ اور اطراف میں لمحہ لمحہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، لاک اپ کے اطراف چھتوں پر بھی اسنائپرز تعینات کردیے گئے۔

اس حوالے سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت منتقلی کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں، ملزمہ کو عدالت لانے اور لے جانے کے لیے خصوصی موبائل اسکواڈ تعینات کردیے جائیں، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کے لیے بلٹ پروف جیکٹس فراہم کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی غفلت یا نفری کی کمی کو سنجیدگی سے دیکھا جائے گا۔

مزید بتایا گیا کہ پولیس کی زیرحراست انمول عرف پنکی کو کھانا بھی مکمل چیکنگ کے بعد ہی فراہم کیا جا رہا ہے، بجلی کی بندش سے نمٹنے کے لیے بیک اپ جنریٹر ہر وقت فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بغدادی تھانے کے اطراف داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات کرکے ایس پی لیاری سب ڈویژن کو عدالت منتقلی آپریشن کی نگرانی سونپ دی گئی ہے، ایس ڈی پی او بغدادی اور رسالہ کو موبائل اسکواڈ سمیت کمانڈ دی گئی ہے اور ایس ایچ او بغدادی، رسالہ اور گارڈن کو گراؤنڈ انچارج مقرر کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی جنوبی کے دفتر سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس ٹیمیں الرٹ کی جائیں، سیکیورٹی اہلکاروں کو مشکوک سرگرمی فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق انمول عرف پنکی کی حراست کے دوران صرف مجاز افراد کو رسائی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور دوشفٹوں میں پولیس اور لیڈی اسٹاف کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔