وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی برائے سیاسی اور میڈیا امور شاہد رند نے کہا ہے کہ 13 مئی سے منگلہ زرغون غر کے علاقے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف جاری کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور آپریشن کے دوران 35 سے زائد خوارج کو ہلاک اور متعدد ٹھکانے اور کیمپس مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے ہیں۔
شاہد رند نے کہا کہ کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے تین اہم کمانڈرز کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن سے انتہائی اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں، ان معلومات کی بنیاد پر مزید ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں اور فتنہ الخوارج کے سہولت کاروں اور پشت پناہی کرنے والے عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، بلوچستان کے امن کو خراب کرنے والے عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوت، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنا رہے ہیں۔
شاہد رند نے کہا کہ یہ آپریشن نہ صرف علاقے بلکہ پورے ملک کے امن، استحکام اور قومی مفاد کے لیے ناگزیر ہے اور یہ کارروائیاں فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
انہوں نے علاقے کے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیکیورٹی فورسز اور ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، مشکوک عناصر کی نشان دہی کریں اور دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں کیونکہ دشمن پاکستان کے امن اور ترقی کا مخالف ہے جبکہ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور بیرونی آقاؤں کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور بلوچستان کو امن، ترقی اور خوش حالی کی راہ پر گامزن رکھا جائے گا۔