لاہور:
مانگا منڈی کے علاقے میں 13 سالہ ثاقب علی کے اندھے قتل کا معما حل کر لیا گیا، جس میں مقتول کا دوست ہی دراصل قاتل نکلا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے بچے کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس پی صدر انویسٹی گیشن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔
انچارج انویسٹی گیشن تھانہ مانگا منڈی مرتضیٰ اسلم نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ انچارج انویسٹی گیشن کے مطابق ملزم نے معمولی رنجش کی بنا پر 13 سالہ ثاقب علی کو سر میں پتھر مار کر اور بعد ازاں گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا تھا۔
ایس پی انویسٹی گیشن عبداللہ کے مطابق ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا تاہم جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا ہے کہ ملزم اب پولیس کی گرفت میں ہے ، جسے مضبوط چالان مرتب کرکے اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو قتل کرنے والے مجرموں سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ دوسری جانب ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی جانب سے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔