بھارتی فلم انڈسٹری بالخصوص تامل سینما کے معروف و سینئر پروڈیوسر ’کے راجن‘ نے مبینہ طور پر چنئی میں دریا میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی، جس کے بعد فلمی دنیا میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 85 سالہ کے راجن چنئی میں آدیار پل عبور کر رہے تھے کہ اچانک انہوں نے اپنے ڈرائیور سے گاڑی روکنے کو کہا۔ گاڑی رکنے کے فوراً بعد وہ باہر نکلے اور دریا میں چھلانگ لگا دی۔
ڈرائیور نے فوری طور پر ریسکیو اداروں کو اطلاع دی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تلاش کا عمل شروع کیا گیا۔ کچھ دیر بعد ریسکیو حکام نے ان کی لاش دریا سے برآمد کی، جسے بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ اقدام کس حالات کے تحت پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کے راجن نے 1980 کی دہائی کے اوائل میں تامل فلم انڈسٹری میں بطور پروڈیوسر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ نہ صرف فلمیں پروڈیوس کرتے رہے بلکہ چند فلموں کی ہدایت کاری بھی کر چکے تھے۔ اس کے علاوہ وہ فلم ڈسٹری بیوٹرز کی ایک معروف ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہ چکے تھے۔
ان کی وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد تامل فلم انڈسٹری کی مختلف شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جبکہ ان کے مداح بھی صدمے میں ہیں۔