پاکستان کی سعودی عرب اور امارات میں جوہری پلانٹ پر حملوں کی شدید مذمت

پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے اپنی مکمل اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کرتا ہے، دفتر خارجہ


ویب ڈیسک May 17, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

پاکستان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے براکہ جوہری پلانٹ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستان نے براکہ نیوکلیئر انرجی پلانٹ پر 17 مئی 2026 کو ہونے والے ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ پاکستان یو اے ای کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جوہری تنصیبات کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون، بشمول بین الاقوامی انسانی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور جوہری تحفظ و سلامتی کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے، جو کہ عالمی توانائی ایجنسی کے قواعد اور قراردادوں میں بھی درج ہیں۔

ترجمان کے مطابق جوہری تنصیبات کو کسی بھی صورت میں نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے، کیونکہ ایسے اقدامات انسانی جانوں، ماحول اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کے لیے تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔

پاکستان نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، بین الاقوامی اصولوں اور عالمی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق مکالمہ اور سفارت کاری ہی خطے میں پائیدار امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کا واحد راستہ ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے سعودی عرب پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان  برادر ملک کی سلامتی، امن اور خودمختاری کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے 17 مئی کو سعودی عرب پر کیے گئے ڈرون حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔  ایسے حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی اور خطے کے امن و استحکام کو مزید نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ حکومت اور عوامِ پاکستان اس مشکل گھڑی میں سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جبکہ  پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے اپنی مکمل اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کرتا ہے۔