بہتر کارکردگی پر وزارتوں کو ترقیاتی بجٹ میں ترجیح دیں گے، وزیراعظم

ایسے ترقیاتی منصوبوں میں عوام کا پیسہ لگایا جائے گا جن کے نتائج یقینی ہوں، شہباز شریف


ویب ڈیسک May 18, 2026

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بہتر کارکردگی پر وزارتوں کو ترقیاتی بجٹ میں ترجیح دی جائے گی۔

رواں برس کے ترقیاتی بجٹ اور آئندہ مالی سال کے لیے ترقیاتی بجٹ (PSDP) کے منصوبوں پر جائزہ اجلاس  وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں آئندہ برس کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور ان کے لیے درکار فنڈز سے متعلق تفصیلات پر غور کیا گیا جبکہ رواں برس کے پی ایس ڈی پی پر بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہتر کارکردگی والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر بجٹ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ترقیاتی منصوبوں میں عوام کا پیسہ لگایا جائے گا جن کے نتائج یقینی ہوں۔

وزیرِ اعظم کے مطابق پانی کے ذخائر اور پن بجلی کے منصوبے ترقیاتی بجٹ خرچ کرنے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں جبکہ پانی کے ذخائر کو بڑھانے کے منصوبوں کو بھی ترجیح دی جائے گی۔

اجلاس میں قومی نوعیت کے پانی ذخیرہ اور پن بجلی منصوبوں بشمول داسو ڈیم، دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے پانڈا بانڈز کے کامیاب اجراء اور اس کی مارکیٹ میں پذیرائی پر وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی تعریف کی۔

اجلاس میں ریلوے، آئی ٹی اور وزارت پاور کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا جب کہ ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کرنے کی ہدایت دی گئی۔

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، شزہ فاطمہ خواجہ، حنیف عباسی، سردار اویس خان لغاری، عبدالعلیم خان، خالد مقبول صدیقی، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، معاونِ خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔