پاکستان کے بولنگ کوچ عمر گل نے شاہین شاہ آفریدی سے مبینہ لڑائی کی خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے خاموشی توڑ دی۔
پریس کانفرنس میں عمر گل نے کہا کہ صبح اٹھنے پر سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں انہیں ٹیگ کیا گیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شاہین آفریدی کوچ کی بات نہیں سن رہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت کا ہے جب حسن علی کو چوٹ لگی تھی اور وہ زمین پر گرے ہوئے تھے جبکہ شاہین آفریدی اس دوران باہر بیٹھے تھے۔ ان کے مطابق عام طور پر شاہین بولنگ کے دوران گھٹنے پر ٹیپ لگاتے ہیں اور اسی حوالے سے گفتگو ہو رہی تھی۔
عمر گل نے کہا کہ اس موقع پر ان کی شاہین آفریدی سے معمول کی بات چیت ہو رہی تھی کہ انہیں باہر جانے کا کہا جا رہا تھا، اسی دوران سرفراز احمد آئے اور بتایا کہ حسن علی کے سر پر چوٹ لگی ہے۔
بولنگ کوچ کے مطابق اس واقعے کو غلط طور پر لڑائی کا رنگ دیا گیا جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والی صورتحال صرف ایک ری ایکشن تھا اور انہیں اندازہ نہیں تھا کہ کیمرہ اس لمحے کو ریکارڈ کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے بعد صارفین نے اس پر مختلف ردعمل دیتے ہوئے قیاس آرائیاں کی تھیں کہ کوچ اور کھلاڑی کے درمیان گرما گرمی ہوئی ہے۔