اپوزیشن گرینڈ الائنس کا جمعے کو مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

جمعے کو ملک بھر میں جعلی اسمبلی اور غیر آئینی قانون سازی کے خلاف بھی احتجاج کیا جائے گا، اعلامیہ



اپوزیشن گرینڈ الائنس نے جمعہ کے روز ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کی اعلیٰ قیادت کا اہم اجلاس محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں حکومت پر گورننس، مہنگائی، بیروزگاری اور امن و امان میں ناکامی کے الزامات عائد کیے گئے جبکہ اجلاس میں اپوزیشن رہنماؤں نے شرکت کی اور آئین کی بالادستی پر زور دیا۔

اعلامیے میں اپوزیشن گرینڈ الائنس نے مطالبہ کیا کہ سیاسی قیدیوں کی رہائی اور بانی چئیرمین کو فوری اسپتال منتقل کیا جائے۔ اجلاس میں ملک گیر مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت بھی گئی۔

اعلامیے کے مطابق گرینڈ الائنس کے تحت جمعے کو ملک گیر احتجاج ہوگا، جس کے تحت تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ جعلی اسمبلی اور غیر آئینی قانون سازی کے خلاف بھی احتجاج کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔