وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن غضب للحق پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گا جبکہ پاکستان ایک 'نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر' کے طور پر خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردارادا کر رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں فیکلٹی اور زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر قیمت چکانے کو تیار ہے، دہشت گردی کے خلاف آپریشن ‘غضب للحق’ پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاریوں اور قومی سلامتی کے لیے قربانیوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے معرکہ حق کا حوالہ دیتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی تاریخی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت کی بلااشتعال اور جارحانہ کارروائیوں کے مقابلے میں پاکستان نے ذمہ دارانہ طرز عمل، تحمل اور دانش مندی کا مظاہرہ کیا، جس سے عالمی برادری نے بھی تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ افغان طالبان میں موجود دہشت گرد پراکسیوں کے خلاف اور معصوم شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے آپریشن غضب للحق بھرپور عزم کے ساتھ جاری ہے، جس کے تحت دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور معاونت فراہم کرنے والے ڈھانچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا اور دوست ممالک سے آئے ہوئے افسران کی موجودگی کا ذکر کیا۔
وزیراعظم نے عسکری سفارت کاری اور دفاعی تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان ایک “نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر” کے طور پر خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
اس سے قبل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ آمد پر وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال چیف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کیا، وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزرائے دفاع، داخلہ و اطلاعات اور وزیراعلیٰ بلوچستان بھی موجود تھے۔