بنگلور میں کھیلے گئے فٹ بال میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دیدی

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر نے قومی ٹیم کی جیت کی خوشی میں کھلاڑیوں کے لیے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے


بنگلور کے میدان میں ہزاروں تماشائیوں کی موجودگی میں کھیلے جانے والے میچ میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فوٹو فائل

10 سال میں پہلی بار کھیلی جانی والی سیریز میں پاکستان کی فٹبال ٹیم نے بھارت کے میدان میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف کو 0-2 سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔

بنگلور کے میدان میں ہزاروں تماشائیوں کی موجودگی میں کھیلے جانے والے میچ میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا بھارتی ٹیم نے کھیل کے آغاز میں ہی پاکستان کے گول پوسٹ پر حملوں کا آغاز کردیا تاہم بھارتی فارورڈ گول کرنے میں ناکام رہے، کھیل کے 38 ویں منٹ میں پاکستان نے بھارتی گول پر بھرپور حملہ کیا اور ملنے والی فری کک پر کلیم اللہ نے پہلا گول کردیا۔

کھیل کا دوسرا ہاف بھی تیز رفتاری سے شروع ہوا اوراس میں بھی بھارتی ٹیم نے گول برابری کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم وہ گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی، کھیل کے اختتامی لمحات میں صدام حسین نے فٹ بال کو گول پوسٹ میں ڈال کر پاکستان کی فتح یقینی بنادی۔

دوسری جانب پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر نے قومی ٹیم کی جیت کی خوشی میں کھلاڑیوں کے لیے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 0-1 سے شکست دی تھی جب کہ دونوں روایتی حریف اب اگلے ماہ جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشین گیمز میں مد مقابل ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں