اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے تعلیم، صحت اور قومی ترقی کے متعدد منصوبوں سمیت یوتھ اسکل اور دانش اسکولوں کے لیے 3.9 ارب روپے کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جہاں ای سی سی نے تعلیم، صحت اور قومی ترقی کے متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی۔
ای سی سی نے وزیراعظم یوتھ اسکل پروگرام اور دانش اسکولوں کے لیے بھی 3.9 ارب روپے کی منظوری دے دی اور کشمیری مہاجرین کا گزارہ الاؤنس 3500 سے بڑھا کر 6000 روپے کر دیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام کے لیے 1.5 ارب روپے، ایف سی کے پی نارتھ اسپتال شاکس کے لیے 48 کروڑ روپے مختص کرنے کی بھی منظوری دے دی۔
وزیراعظم آفس کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے 16 کروڑ روپے، ریلوے واجبات کی ادائیگی کے لیے وزیراعظم اسسٹنس پیکج کے تحت ایک ارب روپے اور نافسا کو فعال بنانے کے لیے ایک ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی۔
اجلاس میں پی این ایس سی کی تنظیم نو اور این ایل سی کو انتظامی کنٹرول دینے کی اصولی منظوری اور اس موقع پر پاکستان کی جیم اسٹون پالیسی 2026-2030 کی بھی منظوری دے دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں برآمدات بڑھانے پر زور دیا گیا۔