پنجاب کے بالائی علاقوں سمیت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے بالائی علاقوں میں آئندہ24گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں کے لیے ممکنہ موسمی صورت حال کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں بشمول مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاالدین میں بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، کالام، مینگورہ، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین اور سبی میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیاگیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر،گلگت،گھانچے، استور، کھرمنگ، شگر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی، پونچھ اور وادی نیلم میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
الرٹ میں بتایا گیا کہ بارش کے ساتھ مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے اور تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے کیونکہ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، شہری تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں،کمزور تعمیرات اور تنصیبات سے دور رہیں۔