توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت، پاکستان نے تیل و گیس کے 8 ایکسپلوریشن بلاکس حاصل کر لیے

ترجمان او جی ڈی سی کے مطابق پاکستان میں تقریباً دو دہائیوں بعد آف شور ایکسپلوریشن کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔


ویب ڈیسک May 21, 2026

او جی ڈی سی نے آف شور بڈ راؤنڈ 2025 میں تیل و گیس کے 8 ایکسپلوریشن بلاکس حاصل کر لیے۔ ترجمان او جی ڈی سی کے مطابق پاکستان میں تقریباً دو دہائیوں بعد آف شور ایکسپلوریشن کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اس اقدام کو توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

ترجمان او جی ڈی سی کے مطابق او جی ڈی سی دو بلاکس میں بطور آپریٹر جبکہ چھ بلاکس میں جوائنٹ وینچر پارٹنر ہوگی۔ اس اقدام سے سرمایہ کاری اور انرجی سیکیورٹی کو فروغ ملے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ آف شور بڈ راؤنڈ 2025 ملکی توانائی کے شعبے میں نئے دور کا آغاز ہے۔

پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کی جانب سے وفاقی وزیر پیٹرولیم کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی تفصیلات جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی انتظامیہ کو ارسال کردیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے سمندر انڈس اور مکران میں تیل و گیس کے وافر مقدار میں ذخائر موجود ہیں۔ معاہدے کے تحت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے تیل و گیس کے نئے ذخائر تلاش کرکے نکالے جائیں گے۔

گھارو، کوچی کریک، کیٹی بندر، بن قاسم ساوتھ، بہر، ضرار، آف شور ڈیپ ڈی اور ساپٹ بندر کی گہرائی سے ذخائر دریافت کیے جائیں گے۔ معاہدے کے تحت گھارو کریک اور کوچی کریک میں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ خود آپریشن کرے گی۔