فیفا ورلڈ کپ؛ میئر نیویارک زہران ممدانی کا شہریوں کیلیے سستے ٹکٹس کا اعلان

میئرنیویارک زہران ممدانی نے سستے ٹکٹس کی اسکیم متعارف کرا دی ہے جس کے تحت 50 ڈالر میں ٹکٹس دستیاب ہوں گے


ویب ڈیسک May 21, 2026

نیویارک میں فیفا ورلڈ کپ ٹکٹس کی قیمتوں پر شدید عوامی ردعمل کے بعد میئرنیویارک زہران ممدانی نے نیویارک کے شہریوں کے لیے محدود تعداد میں سستے ٹکٹس کی اسکیم متعارف کرا دی ہے جس کے تحت 50 ڈالر میں ٹکٹس دستیاب ہوں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر کے رہائشیوں کے لیے تقریباً 1,000 ٹکٹس مختص کیے گئے ہیں جو مختلف گروپ اسٹیج اور ناک آؤٹ میچز کے لیے ہوں گے، تاہم فائنل اس میں شامل نہیں ہوگا۔ یہ ٹکٹس ایک لاٹری سسٹم کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے تاکہ شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہر میچ کے لیے تقریباً 150 نشستیں اس اسکیم میں شامل ہوں گی اور کامیاب امیدواروں کو زیادہ سے زیادہ دو ٹکٹس خریدنے کی اجازت ہوگی۔ ان ٹکٹس میں میچ تک جانے اور واپس آنے کے لیے ٹرانسپورٹ سہولت بھی شامل ہوگی۔

میئر کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مقامی شہریوں کو ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ سے جوڑنے اور مہنگے داموں کے باعث شائقین کی محرومی کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ بڑے کھیلوں کے مقابلے صرف امیروں کے لیے محدود نہیں ہونے چاہیے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ ٹکٹس کی قیمتوں اور ڈائنامک پرائسنگ کے طریقہ کار پر پہلے ہی شدید تنقید جاری ہے جبکہ مختلف حلقے فیفا سے قیمتیں کم کرنے اور مقامی شائقین کے لیے مزید سہولتیں فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔