راولپنڈی: محبت میں ناکامی پر نوجوان لڑکی کے قتل کی ہولناک واردات

راولپنڈی پولیس نے ابتدائی تفتیش مکمل کرلی جس کے مطابق 40 سالہ شخص مصباح نامی لڑکی سے محبت کرتا تھا


ویب ڈیسک May 22, 2026

راولپنڈی چکری روڈ لیاقت کالونی میں مبینہ غیرت کے نام پر ہولناک قتل کی واردات پیش آئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق لڑکی اور لڑکے کو آگ لگا دی گئی، جبکہ لڑکے کا جسم 90 فیصد جھلس گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ سے جل کر لڑکی جان کی بازی ہار گئی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکا اور لڑکی دونوں مقامی بیٹھک میں موجود تھے۔ لڑکے کو انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ لڑکی کی لاش جائے وقوعہ پر موجود ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اور فرانزک ٹیمیں شواہد جمع کر رہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اصل حقائق پوسٹ مارٹم اور مکمل تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔

راولپنڈی پولیس نے ابتدائی تفتیش مکمل کرلی جس کے مطابق 40 سالہ شخص مصباح نامی لڑکی سے محبت کرتا تھا، محبت میں ناکامی سے دلبرداشتہ شخص نے مصباح کو پٹرول چھڑک کر آگ لگائی۔

راولپنڈی ملزم نے پہلے لڑکی پر پٹرول چھڑکا پر خود کو بھی آگ لگائی، راولپنڈی پولیس نے 40 سالہ شخص کا ابتدائی بیان بھی ریکارڈ کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق لڑکی جاں بحق ہوگئی جب کہ 40 سالہ شخص شدید زخمی ہے، ملزم طالب نے خاتون کو پہلے کلہاڑی کے وار سے قتل کیا، خاتون کو قتل کرنے کے بعد لاش کو آگ لگائی گئی۔

پولیس ذرائع نے کہا کہ ملزم نے خاتون کے قتل کے بعد پٹرول چھڑک کر خودسوزی کی کوشش کی، ملزم کے جسم کا 90 فیصد حصہ جھلس گیا، تشویشناک حالت میں اسپتال زیرعلاج ہے، ملزم کرایے کی بیٹھک رہائش پذیر تھا، وہیں خاتون کو قتل کیا گیا، راولہنڈی ملزم کا تعلق کلرسیداں سے ہے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس نے کہا کہ دو افراد کے آگ سے جھلسنے کی اطلاع پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لے کر ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کرلی اور انہیں موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق مرد نے اپنے آپ کو اور خاتون کو خود آگ لگائی، غیرت کے نام پر قتل کے شواہد سامنے نہیں آئے، تاہم تمام زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، خاتون کی نعش اور زخمی مرد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، موقعہ سے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں، واقعہ کی میرٹ پر تحقیقات کرتے ہوئے حقائق کو سامنے لایا جائے گا۔