ایران نے آبنائے ہرمز نہیں کھولی تو پلان بی شروع کیا جائے گا؛ امریکا نیٹو اجلاس

سویڈن میں امریکا اور نیٹو اتحادی فوج کے درمیان مشاورتی اجلاس جاری ہے


ویب ڈیسک May 22, 2026
امریکی وزیر خارجہ نے نیٹو اجلاس سے قبل ایران جنگ پر اہم بیان جاری کردیا

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے معاملے پر نیٹو اتحادیوں سے ہنگامی بنیاد پر مشاورت کی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سویڈن میں نیٹو اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں مارکو روبیو نے کہا کہ مثالی صورتحال تو یہ ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کھول دے لیکن ہمیں یہ بھی سوچنا ہوگا کہ اگر اس نے انکار کردیا تو پھر کیا ہوگا؟

وزیر خارجہ مارکو روبیو نے مزید کہا کہ ایسی صورت میں اگر ایران بحری راستہ کھولنے سے انکار کر دے تو امریکا اور اس کے اتحادیوں کو “پلان بی” تیار رکھنا ہوگا۔

مارکو روبیو کا مزید کہنا تھا کہ صرف یہ امید کافی نہیں کہ ایران خود آبنائے ہرمز کو خود ہی بحال کر دے گا بلکہ اس صورتحال کے لیے متبادل حکمت عملی بھی ناگزیرہوچکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر بحری گزرگاہ میں فائرنگ یا حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو امریکا سمیت دیگر ممالک کو کچھ نہ کچھ کرنا پڑے گا۔

تاہم امریکی وزیر خارجہ نے اس سوال کا واضح جواب نہیں دیا کہ آیا ممکنہ کارروائی میں نیٹو براہِ راست شامل ہوگا یا نہیں۔

مارکو روبیو نے ایران کے ساتھ جاری سفارتی مذاکرات پر بھی بات کی اور کہا کہ امریکی مذاکرات کار مشکل لوگوں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔

ان کے بقول مذاکرات میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے لیکن ہم ابھی منزل تک نہیں پہنچے۔ امید ہے صورتحال بہتر ہوگی مگر یہ ضروری نہیں کہ ایسا ہو بھی۔

ادھر عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا مسودہ تیار ہوگیا ہے جس کا اعلان چند گھنٹوں میں متوقع ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کچھ دیر قبل ہی جنگ بندی معاہدے کے سلسلے میں ایران روانہ ہوئے ہیں جہاں وہ اعلیٰ حکام سے بات چیت کریں گے۔