بنوں: سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، اہم کمانڈر سمیت11 دہشت گرد ہلاک، متعدد زخمی

تھانہ میریان کی حدود میں خفیہ اطلاع پرکامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیےگئے


ویب ڈیسک May 23, 2026

بنوں کے تھانہ میریان کی حدود میں خفیہ اطلاع پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے۔

آپریشن علی الصبح شروع کیا گیا، جس میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ ٹیموں نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں حصہ لیا۔ آپریشن کی براہ راست نگرانی ایس پی رورل بنوں نے کی، جبکہ دو ایس ڈی پی اوز اور ایس پی سی ٹی ڈی بھی موقع پر موجود رہے۔

دہشتگرد عناصر کی نقل و حرکت اور ممکنہ ٹھکانوں کی نگرانی کے لیے جدید ڈرون سرویلنس اور جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی۔ آپریشن کے دوران پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے میں11  دہشتگرد ہلاک جبکہ کئی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ آپریشن کے دوران میرانشاہ روڈ پر آزاد منڈی کے قریب 10 کلوگرام وزنی دیسی ساختہ بم (IED) بھی برآمد ہوا، جسے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مذکورہ آئی ای ڈی آج ہونے والی روڈ اوپننگ ڈیوٹی کو نشانہ بنانے کے لیے نصب کیا گیا تھا، تاہم پولیس اور سی ٹی ڈی کی بروقت حکمت عملی سے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔

آپریشن کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی بھی ہوا۔ زخمی اہلکار کو فوری علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب آپریشن پر بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس ہر محاذ پر دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی کے بہادر جوانوں نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ قوم کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ خیبر پختونخوا پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فرنٹ لائن پر کھڑی ہے اور دشمن کے ہر وار کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

آئی جی پی نے آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں اور افسران کے لیے خصوصی انعامات کا بھی اعلان کیا۔