تمام فیصلوں کی آخری منظوری سپریم لیڈر دیں گے، صدر پزشکیان کا اہم پیغام سامنے آگیا

موجودہ حساس صورتحال میں قومی اتحاد اور اجتماعی فیصلوں کی پابندی انتہائی ضروری ہے، بیان


ویب ڈیسک May 24, 2026

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے سمیت ملک میں کوئی بھی اہم فیصلہ سپریم لیڈر کی اجازت کے بغیر نہیں کیا جائے گا۔

ایرانی خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں ہر اہم فیصلہ سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے فریم ورک کے تحت کیا جاتا ہے اور اس کے لیے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی منظوری ضروری ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے اندر ایسے بیانات، تجزیے یا مؤقف جو معاشرے میں تقسیم پیدا کریں، دراصل دشمن کے مقاصد کو تقویت دینے کے مترادف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حساس صورتحال میں قومی اتحاد اور اجتماعی فیصلوں کی پابندی انتہائی ضروری ہے۔

مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ ملکی نظام کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے ایک متفقہ پالیسی اور اجتماعی اطاعت ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کسی بھی معاملے میں سپریم لیڈر اور قومی سلامتی کے اداروں کی رہنمائی سے ہٹ کر کوئی قدم نہیں اٹھائے گی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے اور کشیدگی میں کمی کے حوالے سے عالمی سطح پر قیاس آرائیاں جاری ہیں۔