کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
چھیپا ذرائع کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے کوئٹہ ٹاؤن میں جاپان شوروم کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
زخمی شخص کی شناخت 40 سالہ عامر ولد نواب کے نام سے ہوئی ہے جسے فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب بن قاسم کے علاقے عباس ٹاؤن کے قریب گھر میں تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔
جاں بحق شخص کی شناخت 55 سالہ لطف علی ولد غلام محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ادھر سائیڈ سپر ہائی وے تھانے کی حدود سے ایک نوجوان کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔
ایدھی ذرائع کے مطابق متوفی کی شناخت 20 سالہ مراد علی ولد منٹھار علی کے نام سے ہوئی ہے۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔