4 بینک ڈکیتوں سمیت 64 ملزم گرفتار اسلحہ منشیات اور شراب برآمد

ملزمان آصف، سعید، ناموس بادشاہ اور جلات خان نے کیپٹل منی ایکسچینج کی وین سے 36 لاکھ روپے لوٹے تھے

پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے 59 ملزمان کو گرفتار کیا،مختلف اقسام کے 24 ہتھیار برآمد کرلیے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے بینک ڈکیتی میں ملوث 4 ملزمان سمیت 64 ملزم گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور شراب برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے ماڑی پور میں کارروائی کرتے ہوئے بینک ڈکیتی اور دیگر وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان آصف ، سعید ، ناموس بادشاہ اور جلات خان کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے 4 پستول برآمد کر لیے، ترجمان ایس آئی یو انسپکٹر عرفان نے بتایا کہ ملزمان نے 8 جولائی کو کیپیٹل منی ایکسچینج کی وین سے 36 لاکھ روپے لوٹے تھے، ملزمان گارڈ سے پستول بھی چھین کر فرار ہوگئے تھے، انھوں نے بتایا کہ واردات میں کریسنٹ سیکیورٹی کمپنی کا گارڈ اور منی چینجر کا ڈرائیور بھی ملوث تھے ،ملزمان کے قبضے سے گارڈ سے چھینا گیا پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔


ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا سب انسپکٹر سعادت بٹ نے پولیس پارٹی کے ہمراہ کورنگی بلال کالونی میں چھاپہ مار کر ایک ملزم رضا خان کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے چرس برآمد کر لی ،گرفتار ملزم کے خلاف اینٹی نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا، کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 88 چھاپہ مار کارروائیوں اور7 پولیس مقابلوں میں مجموعی طور پر 59 ملزمان کو گرفتار اور 3 جرائم پیشہ افراد کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 24 ہتھیار، ایک کلو450 گرام چرس اور 3 بوتل شراب برآمد کرلی۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں قتل کی واردات میں ملوث ایک ملزم ، ڈکیتی و چوری کی واردات میں ملوث 2 ملزمان ، غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 18 ملزمان، منشیات رکھنے کے الزام میں 5 ملزمان ، مفرور 8 اور دیگر جرائم میں ملوث 25 ملزمان شامل ہیں، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
Load Next Story