اس سال یوم عرفہ پر 1993 کے بعد پہلی بار ایک نایاب فلکیاتی مشاہدہ ہوگا

مکہ مکرمہ میں سایہ مکمل طور پر ختم ہو جائے گا


ویب ڈیسک May 25, 2026

دبئی: اس سال یوم عرفہ پر ایک نایاب فلکیاتی مظہر بھی دیکھنے کو ملے گا، جب سورج براہِ راست خانہ کعبہ کے عین اوپر آ جائے گا۔ یہ منظر تقریباً ہر 33 سال بعد پیش آرہا ہے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق یہ واقعہ 27 مئی 2026 کو دوپہر کے وقت پیش آئے گا، جو کہ 9 ذوالحجہ 1447 ہجری (یومِ عرفہ) کا دن ہوگا۔ اس لمحے سورج بالکل خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا جس کے باعث مکہ مکرمہ میں سایہ مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔

عام طور پر خانہ کعبہ کے اوپر سورج کا یہ زاویہ سال میں دو بار بنتا ہے، جس کی وجہ مکہ مکرمہ کا جغرافیائی محلِ وقوع ہے، جو تقریباً 21.4 ڈگری شمالی عرض بلد پر واقع ہے۔ اس دوران سورج خطِ استوا اور مدارِ سرطان کے درمیان حرکت کرتا دکھائی دیتا ہے۔

تاہم اس سال اس مظہر کی خاص بات یہ ہے کہ یہ یومِ عرفہ کے ساتھ موافق ہو رہا ہے، جو ایک نایاب اتفاق ہے۔ اس سے قبل ایسا 1993 میں ہوا تھا۔ ماہرین کے مطابق یہ فرق قمری (ہجری) اور شمسی (عیسوی) کیلنڈرز کے درمیان فرق کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے اور تقریباً 33 سال بعد دوبارہ ایک ہی تاریخ پر ہم آہنگی پیدا ہوتی ہے۔

سعودی عرب کے نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی نے واضح کیا ہے کہ یہ ایک قدرتی اور معمول کا فلکیاتی مظہر ہے جس کا درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے سے کوئی لازمی تعلق نہیں۔

ادارے کے ترجمان حسین القحطانی کے مطابق موسم کی شدت کا انحصار کئی عوامل پر ہوتا ہے جن میں نمی، بادلوں کی موجودگی، ہوا کی رفتار اور فضائی دباؤ شامل ہیں، نہ کہ صرف سورج کی پوزیشن پر۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مظہر کی نگرانی ہر سال معمول کے مطابق کی جاتی ہے اور عوام کو چاہیے کہ وہ موسم سے متعلق معلومات کے لیے صرف مستند ذرائع پر انحصار کریں۔