ایشوریا کو ایرانی فلم ’’ہیلو بمبے‘‘ میں کام کی آفر پروڈیوسر کے امیتابھ سے رابطے

اگر ایشوریا کو کردار پسند آگیا تو اداکار محمد رضا گلزار کے مقابل ہیروئن آئیں گی، شوٹنگ، بھارت۔۔۔، ایرانی ڈائریکٹر


Showbiz Desk August 21, 2014
ایشوریا کے لیے ڈریس ڈیزائنر رکھ لیا، وقت آگیا ہے ہم دیگر ممالک کیساتھ ملکر اپنی ثقافت دنیا بھر میں متعارف کرائیں، پروڈیوسر حسن دادخے۔ فوٹو : فائل

سابق حسینہ عالم اور بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن کو ان دنوں ایک ایرانی فلم ''ہیلو بمبے '' میں کام کرنے کی آفر ہو رہی ہے جس کے لیے ایرانی فلم ڈائریکٹر قربان محمد پور نے فلم کے ایک کردار کے لیے ایشوریا سے رابطے کیے ہیں ساتھ ہی ایرانی فلم ڈائریکٹر نے ایشوریا کے سسر امیتابھ بچن سے بھی رابطہ کیا ہے تاکہ اس فلم میں کام کرنے کے لیے وہ اپنی بہو کو اجازت دیں۔

فی الحال ایرانی فلم ڈائریکٹر کو ایشوریا کی طرف سے کوئی حتمی جواب تو نہیں ملا ہے تاہم ڈائریکٹر نے اس فلم میں رول کی ڈیمانڈ کے مطابق ایشوریا کے لیے ایک کاسٹیوم ڈیزائنر کو ضرور بک کرلیا ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ایشوریا رائے بچن جلد ہی اس ایرانی فلم میں کام کرنے کے لیے راضی ہو جائیں گی۔ ایرانی اخبار تہران ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق فلم ''ہیلو بمبے'' کے پروڈیوسر حسن دادخے اور پروڈکشن منیجر اس سلسلے میں ایشوریا اور ان کے سسر امیتابھ بچن سے ملاقات کر رہے ہیں جس میں وہ اس فلم اور معاہدے سے متعلق بات کریں گے' اگر سب کچھ ٹھیک ہوجاتا ہے تو پھر ایشوریا رائے بچن کے مقابل ایرانی اداکار محمد رضا گلزار ہیرو کا کردار ادا کریں گے۔

تہران ٹائمز کے مطابق ایرانی فلم پروڈیوسر حسن دادخے نے خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ''ہمیں اپنی ثقافت کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کے لیے دیگر ممالک کے تعاون سے مشترکہ پروڈکشن کے تحت کام کرنا ہوگا جو کہ اس وقت بہت ہمار لیے بہت ضروری ہے ''۔ حسن دادخے نے مزید بتایا کہ فلم ''ہیلو بمبے '' کے زیادہ تر سین بھارت' ایران اور فرانس میں عکسبند کیے جائیں گے اور فلم کی مرکزی کاسٹ(ایشوریا ) کے لیے ہم نے ڈریس ڈیزائنر کا بھی انتخاب کرلیا ہے جو کہ سابق مس ورلڈ کے لیے ملبوسات تیار کریں گے' تاہم کسی بھی مسئلہ سے بچنے کے لیے ہم نے ایک ایرانی ڈریس ڈیزائنر کی بھی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

یاد رہے ایشوریا نے بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ ہالی ووڈ کی بھی کئی فلموں میں کام کیا ہے اور اب اگر وہ اس ایرانی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کو قبول کرلیتی ہیں تو یہ ان کی پہلی ایرانی فلم ہوگی۔ خوبرو اداکارہ نے 1994 میں مس ورلڈ کا اعزاز جیتا تھا مگر عالمی اعزاز پانے کے دس سال بعد ایشوریا نے 2005 میں ہالی ووڈ میں قدم رکھا اور ان کی پہلی ہالی ووڈ فلم گورندر چڈا کی ''برائیڈ اینڈ پریجوڈس '' تھی' بعد ازاں ایشوریا نے ڈائریکٹر پاول مائیدا برجز کی فلم ''دی مسٹریس آف سپائسز '' میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

دو سال بعد پھر ایشوریا نے دو ہالی ووڈ فلموں میں کام کیا جن میں سے ایک ''پرووکڈ'' تھی جس کے ڈائریکٹر کرن جیت اہلوالیہ تھے اور دوسری ''دی لاسٹ لیجن '' تھی جس میں ایشوریا نے ماریا کا کردار ادا کیا تھا۔ 2009ء میں ایشوریا نے ایک جاسوس مزاحیہ فلم ''دی پنک پینتھر 2 '' میں اداکاری کے جوہر دکھائے جس کے ڈائریکٹر ہرالڈ زوارٹ تھے اور اس فلم کے ہیرو ہالی ووڈ اسٹار سٹیو مارٹن تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔