جعلی شادی کے دستاویزات پر بیرون ملک جانے والی خاتون کوآف لوڈ کردیا گیا

خاتون نےدعویٰ کیا کہ اس نے ایک پاکستانی شہری سجاول سےشادی کی ہے جو عمان میں مقیم ہے، ترجمان ایف آئی اے


آفتاب خان May 26, 2026
فوٹو: ایف آئی اے

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے جعلی شادی کے دستاویزات پر بیرون ملک سفر کی کوشش ناکام بنا کر خاتون مسافر کو آف لوڈ کردیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر تعینات امیگریشن عملےکو عمان جانے والی خاتون مسافر کرن نے مشکوک اور جعلی رشتہ داری کے دستاویزات پیش کیے۔

انہوں نے بتایا کہ خاتون نےدعویٰ کیا کہ اس نے ایک پاکستانی شہری سجاول سےشادی کی ہے جو عمان میں مقیم ہے۔

خاتون نے بیان دیا کہ اس کی شادی ایک سال قبل ہوئی تھی تاہم بارکوڈ کیوآر کی جانچ کے دوران پیش کردہ میرج سرٹیفکیٹ مشکوک پایاگیا اور اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق خاتون اپنے مبینہ شوہر اور سسرال سے متعلق بنیادی معلومات فراہم نہ کرسکی اور دوران تفتیش بیانات میں تضادات بھی سامنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ غیرتسلی بخش معلومات کی بنیاد پر آف لوڈ کی گئی خاتون مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسداد انسانی سرکل کراچی منتقل کردیا گیا۔