تھائی لینڈ میں پولیس اہلکاروں نے مجرموں کو پکڑنے کے لیے ڈانس گروپ کا روپ دھار لیا۔
تھائی لینڈ کے تھا لوانگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے پانچ مرد اور ایک خاتون اہلکار، پولیس کرنل پانتھیپ پانادی کی قیادت میں، زرق برق لباس پہن کر خفیہ مشن کے لیے روانہ ہوئے۔
پولیس اہلکار صوبہ لوپبوری کے ایک اسٹریٹ ڈانس فیسٹیول میں عام رقاصوں کی طرح گھل مل گئے تاکہ اپنے ہدف کے قریب پہنچ سکیں۔ آخرکار انہوں نے ’میکھا فا-واپ-واپ‘ نامی مشتبہ شخص کو دھر لیا۔
گرفتاری کے وقت ملزم کے قبضے سے 53 سے زائد میتھ گولیاں، منشیات رکھنے اور سپلائی کرنے کے لیے استعمال ہونے والے 200 پلاسٹک بیگز اور ایک موبائل فون برآمد ہوا۔
جسے لوگ ایک رنگا رنگ اور تفریح سے بھرپور دن سمجھ رہے تھے، وہ اچانک منشیات کے خلاف بڑے پولیس آپریشن میں بدل گیا۔
فا-واپ-واپ پر فروخت کے ارادے سے ’کیٹیگری1‘ منشیات رکھنے اور غیرقانونی سلاٹ مشین چلانے کے الزامات عائد کر دیے گئے ہیں۔ ملزم اس وقت قانونی کارروائی مکمل ہونے تک پولیس حراست میں ہے۔