کراچی پولیس نے بن قاسم ٹاؤن میں اہم کارروائی کرتے ہوئے پاکستان اسٹیل ملز سے قیمتی دھاتیں چوری کرنے میں ملوث 5 پولیس اہلکاروں سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں پولیس کانسٹیبل عرفان شاہ، سعداللہ، منیب، رحمت اور محمد علی کے علاوہ عبد الکریم، معشوق علی، صدام حسین، جاوید اور قاضی طاہر شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 30 کلو چوری شدہ تانبا، 3 موٹر سائیکلیں اور موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان بدنام زمانہ اسٹیل مل چور روشن مری کیلئے کام کر رہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار کانسٹیبل عرفان شاہ روشن مری کی مدد سے چوروں کو پاکستان اسٹیل مل میں داخل کرواتا تھا جبکہ دیگر 4 پولیس اہلکار چوری شدہ سامان وصول کر کے عرفان شاہ تک پہنچاتے تھے۔
پولیس کے مطابق بعد ازاں عرفان شاہ اور روشن مری یہ سامان کباڑی علی اور دیگر افراد کو فروخت کرتے تھے۔ گرفتار 4 پولیس اہلکار بن قاسم جبکہ ایک اہلکار 15 مددگار بن قاسم میں تعینات تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔