یوم تکبیر پر سیاسی رہنماؤں کا ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج تحسین

گورنر، وزیر اعلیٰ پنجاب، حافظ نعیم الرحمان سمیت مختلف شخصیات کی قوم کو یوم تکبیر کی مبارکباد


ویب ڈیسک May 28, 2026

یوم تکبیر کے موقع پر مختلف سیاسی قائدین نے اپنے پیغامات میں قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 28 مئی 1998 ء کو پاکستان کی جانب سے کئے گئے جوہری تجربات کی یاد میں آج 28 واں یوم تکبیر ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

اس دن پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت اور اپنے دفاعی ہتھیاروں میں ایٹمی ہتھیار رکھنے والا پہلا اسلامی ملک بنکر ابھرا تھا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 28 مئی یوم تکبیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو دنیائے اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بنانے والے نواز شریف اور ایٹمی سائنسدانوں کو سلام پیش کرتی ہوں، عظیم شخص کی بیٹی ہونے پر فخر ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم ہی نہیں عالم اسلام کیلئے فخر کا دن ہے، ایٹمی پروگرام پاکستان کے مضبوط دفاع کی علامت ہے۔ 10مئی ہو یا 28 مئی پاکستانی قوم آج بھی پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت کے جرأتمندانہ فیصلوں کی معترف ہے۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ مضبوط دفاع کیلئے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اب اقتصادی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانا ہمارا مشن ہے، آج ہمیں اتحاد و یکجہتی، محنت و ہمت برداشت و رواداری کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

گورنر پنجاب

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج تحسین ہیش کرتا ہوں جنہوں نے ایٹم بم کی بنیاد رکھی، ڈاکٹر قدیر خان اور اس وقت کے سائنسدان انتہائی مشکل صورتحال میں پاکستان آئے اور پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن، پاکستان سے محبت اور دلیری کی وجہ سے ہم اس قابل ہوئے کہ اس ایٹم بم کو آگے لیکر چل سکیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 28 مئی 1998 پاکستان کا تاریخ ساز دن تھا، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایٹمی صلاحیت سے نوازا۔ ایٹمی صلاحیت کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایٹمی قوت بنانے پر پوری قوم محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، پاکستان کی ایٹمی صلاحیت امت مسلمہ کیلئے باعث فخر ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یوم تکبیر پر پوری پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ قائد عوام شہید نے کہا تھا کہ گھاس کھائیں گے مگر ایٹمی پروگرام پر سمجھوتہ نہیں کرینگے، محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے پاکستان کو میزائیل ٹیکنالوجی دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی ملک کے دفاع میں سیاسی و عسکری قیادت کے اتحاد کا نتیجہ تھی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے یوم تکبیر کے حوالے سے پیغام میں کہا کہ پوری قوم کو یومِ تکبیر کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں،  28 مئی ہمیں طاقتور قوتوں کے سامنے نہ جھکنے کا دلیرانہ فیصلہ یاد کراتا ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کو جب ضرورت پڑی بلوچستان نے اپنا سینہ وطن کے دفاع میں پیش کیا، چاغی میں ہونے والے ایٹمی دھماکے پوری قوم کے عزم کی علامت ہیں، اس وقت کے وزیر اعلیٰ اختر مینگل کا وزیر اعظم کی گاڑی ڈرائیو کرنا تاریخ کا اہم باب ہے۔

 وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے دفاع میں کردار ادا کیا، یومِ تکبیر تجدیدِ عہد اور قومی یکجہتی کا دن بھی ہے۔