ٹرمپ کے بعد امریکی وزیر خزانہ کی عمان کو آبنائے ہرمز کے معاملے پر سنگین نتائج کی دھمکی

تمام ممالک کو آبنائے ہرمز میں خلل ڈالنے کی ایرانی کوششوں کو مسترد کردینا چاہیے، اسکاٹ بیسنٹ


ویب ڈیسک May 28, 2026
فوٹو: رائٹرز بشکریہ الجزیرہ

امریکا نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کی توسیع کرتے ہوئے عمان کو آبنائے ہرمز میں ٹول وصول کے نظام کے لیے ایران کی مدد کرنے کی صورت میں بدترین پابندیوں کی تنبیہ کردی ہے۔

غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی سیکریٹری خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ واشنگٹن کسی بھی ایسے ملک کو برداشت نہیں کرے گا جو اسٹریٹجک بحری تجارتی گزرگاہ سے جانے والے کمرشل جہاوں پر فیس عائد کرے۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر عمان کو سمجھ لینا چاہیے کہ امریکی وزارت خزانہ آبنائے ہرمز کے لیے ٹول کی سہولت کاری میں بالواسطہ یا بلاواسطہ ملوث کسی بھی ریاست کو جارحانہ انداز میں نشانہ بنائے گا اور کسی بھی شراکت دار کو سزا دی جائے گی۔

اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ تمام ممالک کو آبنائے ہرمز سے آزادانہ تجارتی سرگرمیوں میں خلل ڈالنے کے لیے ایران کی کوششوں کو یکسر مسترد کردینا چاہیے، تہران کی جانب سے خطے اور دنیا بھر کو دہشت زدہ کرنے کے دن چلے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے غیرجانب داری اور امریکا-ایران جنگ سمیت خطے میں تنازعات کے خاتمے کے لیے ثالثی کے کردار پر امریکا کے مرکزی شراکت دار تصور کیے جانے والے ملک عمان کو بمباری کی دھمکی دی تھی۔

دوسری جانب ایران نے تجویز دی ہے کہ تہران اور مسقط کی حکومتیں مشترکہ طور پر آبنائے ہرمز کا انتظام چلاسکتی ہیں جبکہ عمان نے بحری تجارتی راستے کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے کوئی بیان نہیں دیا حالانکہ آبنائے ہرمز ان کی حدود میں بھی آتی ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکا کے عمان سے متعلق ان بیانات کا پس منظر واضح نہیں ہے لیکن امریکا کے لیے یہ انتہائی غیرمعمولی بات ہے کہ اپنے انتہائی قریبی سیکیورٹی اور معاشی شراکت دار کے خلاف پابندیوں اور فوجی کارروائی کی دھمکی دی جائے۔