پوجا بھٹ نے اپنے باپ مہیش بھٹ کے اسلام قبول کرنے کا انکشاف کردیا

1986 میں دوسری شادی کےلیے مہیش بھٹ نے اسلام قبول کیا تھا، پوجا بھٹ


ویب ڈیسک May 29, 2026

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پوجا بھٹ نے اپنے والد اور نامور فلم ساز مہیش بھٹ کی ذاتی زندگی سے متعلق ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے اداکارہ سونی رازدان سے شادی کے لیے اسلام قبول کیا تھا۔

ایک یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پوجا بھٹ نے کہا کہ وہ اپنے والد کے فیصلوں کا احترام کرتی ہیں اور ان کے نزدیک سچائی اور ذمے داری کسی بھی رشتے کی بنیاد ہوتی ہے۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کیا ایک ایسا باپ بہتر ہے جو اپنی محبت کو سب کے سامنے تسلیم کرے یا پھر وہ شخص جو خفیہ تعلقات رکھے اور دُہری زندگی گزارے؟

پوجا بھٹ کے مطابق اگرچہ مہیش بھٹ نے سونی رازدان کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کیا، لیکن انہوں نے ان کی والدہ سے مکمل طور پر ناتا نہیں توڑا۔ اداکارہ نے بتایا کہ 1986 میں دوسری شادی کےلیے مہیش بھٹ نے اسلام قبول کیا تاکہ انہیں پہلی بیوی کو طلاق نہ دینی پڑے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے والد کی ایک خوبی یہ رہی ہے کہ جس شخص کا ہاتھ تھام لیں، پھر آسانی سے اس کا ساتھ نہیں چھوڑتے۔ پوجا بھٹ کا یہ بیان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے اور صارفین اس پر مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔