آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹر ڈیوڈ وارنر نے پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس کی ون ڈے ڈیبیو پرفارمنس کو سراہتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کو شاندار قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ ون ڈے میچ میں عرفات منہاس نے اپنے ڈیبیو پر غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کی بولنگ اٹیک کو مضبوط بنیاد فراہم کی اور آسٹریلیا کے خلاف شاندار اسپیل کے ذریعے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی اس کارکردگی نے نہ صرف میچ میں پاکستان کی پوزیشن بہتر بنائی بلکہ کرکٹ حلقوں میں بھی انہیں توجہ کا مرکز بنا دیا۔
میچ کے بعد مختلف رپورٹس اور تبصروں میں ڈیوڈ وارنر نے نوجوان پاکستانی بولر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے کھلاڑی عالمی کرکٹ میں جلد اپنی پہچان بنا لیتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی وارنر کے مبینہ تبصروں کو بڑے پیمانے پر شیئر کیا جا رہا ہے۔
عرفات منہاس نے اپنے ڈیبیو پر شاندار اسپن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کیا اور اہم وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی کارکردگی کو پاکستان کرکٹ کے لیے ایک مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ عرفات منہاس نے آسٹریلیا کے کپتان جوش انگلس، میتھیو شارٹ، مارنوس لبوشین، کیمرون گرین اور نیتھن ایلس کی وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 10اوورز میں 32 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔