اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان پر فضائی اور زمینی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں مزید 9 افراد شہید ہوگئے۔
مقامی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے نبطیہ کے قریب توپ خانے سے گولہ باری کی جبکہ شقین اور کفر طیبنیت کے دیہات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اسی علاقے میں اسرائیلی ڈرونز کے ذریعے تین علیحدہ حملے بھی کیے گئے۔ علاوہ ازیں تبنین کے قریب بھی فضائی حملے کی اطلاع ملی ہے۔
ایک علیحدہ واقعے میں نبطیہ خردالی روڈ پر ڈرون حملے کے دوران ایک دانتوں کے ڈاکٹر کو ان کے دو بچوں سمیت نشانہ بنایا گیا۔
نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق یہ خاندان صیدا سے گھر واپس جا رہا تھا جب ان کی گاڑی پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ڈاکٹر اور انکے دو بچے ایک بیٹا اور ایک بیٹی شہید ہو گئے۔
جنوبی لبنان کے علاقے صیدا میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملے میں 6 افراد شہید ہوگئے جبکہ 3 زخمیوں کو زندہ بچا لیا گیا۔
حکام کے مطابق جنوبی لبنان میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے جبکہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ لبنان کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ مارچ سے اب تک اسرائیل کے حملوں میں لبنان میں 3,433 افراد شہید اور 10,395 زخمی ہو چکے ہیں۔