پی سی بی کا چاچا کرکٹ کیلیے یادگاری تحفہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے چاچا کرکٹ کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور کیک کاٹا گیا


اسپورٹس ڈیسک June 03, 2026

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سب سے مشہور اور پرجوش سپورٹر ’چاچا کرکٹ‘ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

چاچا کرکٹ کے نام سے مشہور 77 سالہ عبدالجلیل کل لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا تیسرا ون ڈے میچ اپنے ملک میں آخری بار اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے چاچا کرکٹ کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور کیک کاٹا گیا۔

پی سی بی کی جانب سے ون ڈے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ایک یادگاری شرٹ چاچا کرکٹ کو پیش کی۔

یاد رہے کہ چاچا کرکٹ نے پہلی بار 1968-69 میں لاہور میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ اسٹیڈیم میں دیکھا تھا۔

بعد ازاں وہ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کے مستقل حمایتی کے طور پر مشہور ہوئے۔

سبز لباس اور ٹوپی ان کی پہچان بن گئی جبکہ 1999 ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کی بھرپور حمایت کے بعد انہیں عالمی شہرت ملی۔

عبدالجلیل کا کہنا ہے کہ وہ اب سیالکوٹ کے قریب ایک ریسٹورنٹ اور میوزیم قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں وہ کرکٹ سے جڑی اپنی یادگار اشیاء رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے 500 میچز میں ٹیم کی حوصلہ افزائی کا ہدف مکمل کر لیا ہے۔

چاچا کرکٹ نے پاکستان کی کئی تاریخی فتوحات اپنی آنکھوں سے دیکھیں، جن میں جاوید میانداد کا 1986 میں آخری گیند پر چھکا اور 2017 چیمپئنز ٹرافی فائنل شامل ہیں۔

تاہم حالیہ برسوں میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر وہ مایوس بھی دکھائی دیے، مگر اب بھی امید رکھتے ہیں کہ پاکستان ٹیم دوبارہ کامیابیوں کی راہ پر گامزن ہوگی۔