احمد مختار کے بھائی احمد سعید ن لیگ میں شامل پارٹی مضبوط ہوگی نواز شریف

احمدسعید کی شریف برادران سے ملاقات،شجاعت کے مقابلے میں ٹکٹ کاامکان،ملک کولوٹ مار کرنیوالوں سے نجات دلائینگے،صدر ن لیگ

لاہور: ن لیگ کے سربراہ نوازشریف سے احمد سعید ملاقات کررہے ہیں،شہباز شریف بھی موجود ہیں فوٹو : ایکسپریس

پیپلزپارٹی کے وفاقی وزیر پانی وبجلی چوہدری احمدمختارکے بڑے بھائی

سابق چیئرمین پی آئی اے چوہدری احمد سعیدنے نوازشریف کی قیادت پر بھرپوراعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیاہے۔

اس ضمن میں انھوںنے نوازشریف اور وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات کی۔ نوازشریف نے احمد سعیدکاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں عوام مسلم لیگ (ن) پربھرپوراعتمادکا اظہارکریں گے۔

اس موقع پرشہبازشریف نے چوہدری احمدسعیدکوخوش آمدیدکہتے ہوئے کہاکہ ان کی شمولیت سے پارٹی مزیدمضبوط ہوگی۔

جمہوریت اورجمہوری اداروںکے استحکام کیلیے مسلم لیگ (ن) کے اصولی موقف کوتمام حلقوں میں پذیرائی مل رہی ہے۔

چوہدری احمدسعید جیسی زیرک شخصیت کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت سے یہ ثابت ہوتاہے کہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لانے اورعوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

آئی این پی کے مطابق چوہدری احمد سعید کوگجرات میں (ق) لیگ کے صدر چوہدری شجاعت یا اپنے بھائی احمد مختارکے مقابلے میں ن لیگ کا ٹکٹ دیے جانے کاامکان ہے ۔


تین روزقبل پیپلزپارٹی کے رہنما غضنفرگل کے قریبی عزیزوں اور نوابزادہ فیملی کے ارکان کی (ن) لیگ میں شمولیت کے بعد (ن) لیگ کوگجرات سے ایک اور بڑی کا میابی ملی ہے۔

ملاقات کے موقع پر نوازشریف نے کہا کہ چوہدری احمد سعید کی (ن) لیگ میں شمولیت سے پارٹی اورمضبوط ہوگی، (ن) لیگ اقتدارنہیں پاکستان کو بچانے اور غریبوں کے حقوق کی جنگ لڑرہی ہے جس کی وجہ سے سیاسی لوگ بھی (ن) لیگ میں شمولیت کوترجیح دے رہے ہیں ۔

ہم نے ملک اور عوام کو حکمرانوں کی کرپشن، لوٹ مار اور تبدیلی کے جھوٹے نعر ے لگانے والوں سے نجات دلانا ہے اور ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ وخوشحال بنایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناکام پالیسوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی، بیروزگاری اور بجلی کی لوڈشیڈنگ جیسے مسائل میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ حکمرانوں کی کر پشن اور لوٹ مار کی قیمت عوام سے مہنگائی اور بیروزگاری کے بم برسا کر وصول کی جارہی ہے ۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ توہین آمیز فلم کے خلاف پشاور سے کراچی تک بھرپور احتجاج کیاگیا تاہم مظاہروں میں تشدد کا عنصر شامل ہونے سے عالمی برادری کو اچھا پیغام نہیں ملا۔

علمائے کرام اور مشائخ عظام کو ان نازک لمحات میں قوم کی رہنمائی کا فریضہ سر انجام دینا چاہیے۔ ایوان وزیراعلیٰ میں ''عظمت رحمتہ اللعالمینؐ کانفرنس '' کے شرکا سے خطاب میں انھوں نے کہاکہ عالم اسلام میں اضطراب اور شدید احتجاج قدرتی ردعمل ہے لیکن یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ احتجاجی مظاہروں کے دوران قومی املاک کو نقصان پہنچایاگیا، مرنے اور مارنے والے دونوں کلمہ گو تھے۔

ہمیں آج دو ٹوک فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنی صفوں کے اندر موجود دشمنوں کا صفایاکریں گے۔شہبازشریف نے کہاکہ بین الاقوامی برادری نے اسلام کے بارے میں دہرا معیار اپنا رکھا ہے ، جہاں ہولوکاسٹ سے انکار یااس کے خلاف بات کرنے پرسزا مقرر ہے لیکن جب اسلام کے بارے میں توہین آمیز اقدام سامنے آئے ہوں تو کہا جاتاہے کہ ہم اس فعل کی مذمت کرتے ہیں اور ہمارا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔

یہ مسلمانوں کے بارے میں اغیار کا کھلا تضاد ہے لیکن ہمیں آج یہ اعتراف بھی کرنا پڑے گا کہ اہل اسلام کے خلاف اس رویے کے ذمے دار ہم خود بھی ہیں۔ انھوں نے کانفرنس کے شرکا سے درخواست کی کہ وہ ایسے فیصلے کریں جس سے قوم کو نہ صرف امید کی کرن نظر آئے بلکہ عالمی برادری کو بھی مثبت پیغام جائے ۔

Recommended Stories

Load Next Story