عالمی بینک کی نائب صدر ممتا مروتی نے وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے ملاقات کی اور اس موقع پر بتایا گیا کہ عالمی بینک پاکستان میں ہیلتھ کمپیکٹ اور اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کرنے پر غور کر رہا ہے۔
وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ اور عالمی بینک کی نائب صدر ممتا مروتی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی اور ملاقات میں حکومت اور عالمی بینک کے درمیان انسانی ترقی کے نئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ عالمی بینک نے پاکستان میں ہیلتھ کمپیکٹ اور اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کرنے پر غور کرنے سے متعلق آگاہ کیا، وفاقی وزیر احد چیمہ نے صحت، تعلیم اور ہنر مندی کے شعبوں میں عالمی بینک کی تجاویز کا خیرمقدم کیا۔
احد چیمہ نے کہا کہ اسکلز کا فروغ معیشت کی ضروریات کے مطابق ہونا چاہیے، بنیادی صحت کے نظام میں ڈیجیٹل حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے انسانی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت کی خدمات بہتر بنانا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے آئی ایف سی صحت اور مہارتوں کے فروغ کے منصوبوں میں فعال کردار ادا کرے گا، صنعت کی ضروریات کے مطابق اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام شروع ہونے چاہییں۔
احد چیمہ نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنا اولین ترجیح ہے۔