انمول پنکی سے رابطوں کے الزام میں سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار برطرف

برطرف اہلکاروں کو انکوائری رپورٹ کے بعد ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے، سی ٹی ڈی ذرائع


منور خان June 05, 2026
فوٹو: ایکسپریس نیوز

گارڈن پولیس کے ہاتھوں منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی سے رابطوں کے الزام میں کی گئی تحقیقات میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کراچی کے دو اہلکاروں کو برطرف کردیا گیا۔

سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کے اے ایس آئی کفیل اعوان اور کانسٹیبل علی قریشی کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا اور دونوں پولیس اہلکاروں پر گزشتہ برسوں میں منشیات فروش انمول عرف پنکی سے رابطوں کا الزام تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ کفیل اعوان نے چند برس قبل انمول عرف پنکی کے ایک بائیک رائیڈر کو پکڑا تھا، جس کی گرفتاری کے بعد سے اس کے پنکی سے رابطے برھ تھے گئے۔

سی ٹی ڈی ذرائع نے مزید بتایا کہ دونوں اہلکاروں کے خلاف انکوائری رپورٹ مکمل ہونے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ انمول عرف پنکی کی گرفتاری کے چند روز بعد علی قریشی اور کفیل اعوان کو حراست میں بھی لیا گیا تھا اور دونوں کے باضابطہ طور پر بیانات بھی قلم بند کیے گئے تھے۔

سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا تھا کہ کفیل اعوان اور علی قریشی کے موبائل فون کا فارنزک بھی کیا گیا تھا اور دونوں اہلکاروں کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی حاصل کی گئی تھیں۔