پشاور:
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ بی بی کی جانب سے عمران خان سے مشاورت کے بغیر بجٹ نہ کرنے کی ہدایت کے باوجود خیبرپختونخوا حکومت نے بجٹ پیش کرنے کی تیاری کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بجٹ اجلاس 15 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے، حکومت کی جانب سے اسمبلی سیکرٹریٹ کو آگاہ کردیا گیا بجٹ اجلاس 30 جون تک جاری رہے گا۔
علیمہ بی بی نے وزیراعلی سہیل آفریدی کو ہدایت دی تھی کہ وہ بانی چیئرمین کی مشاورت کے بغیر بجٹ پیش نہ کریں، جبکہ ناراض ارکان نے بھی علیمہ بی بی کے تجویز کی حمایت کی تھی۔
دوسری جانب حکومت نے بجٹ پیش کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے، اسمبلی سیکرٹریٹ کو بجٹ پیش کرنے کے حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے، خیبرپختونخوا اسمبلی کا بجٹ 15 جون پیش کیا جارہا ہے، اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے بجٹ شیڈول ترتیب دے دیا گیا ہے، 16 اور 17 جون کو وقفہ ہوگا 18 جون جمعرات سے بجٹ پر بحث شروع ہوگی۔
تین روز بجٹ بحث کے لیے مختص کیے گئے ہیں جس کے بعد مطالبات زر کی تحاریک شروع ہوگی، بجٹ کی منظوری کے بعد ضمنی بجٹ پر بحث اور مطالبات زر پیش کیے جائیں گے، بجٹ اجلاس 30 جون تک شیڈول رکھا گیا ہے۔