کراچی کے علاقے قیوم آباد میں پانی کی عدم فراہم کے خلاف احتجاج کرنا شہریوں کو مہنگا پڑ گیا اور مظاہرین کے خلاف کورنگی صنعتی ایریا میں سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔
کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے قیوم آباد چورنگی پر پانی کی عدم فراہم کے خلاف احتجاج کرنے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں 10 نامزد سمیت دیگر درجنوں نامعلوم صورت شناس کے خلاف مختلف دفعات کے تحت درج کرلیا ہے۔
کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے اے ایس آئی عبدالقادر چنہ کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 692 سال 2026 بجرم دفعات 147 ، 149 ، 341 ، 186 اور 427 کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔
مدعی اے ایس آئی عبدالقادر چنہ نے بیان دیا کہ وہ دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ سرکاری موبائل میں انسداد جرائم علاقہ گشت میں مصروف تھا کہ مدد گار 15 پر کال موصول ہوئی کہ بمقام قیوم آباد چورنگی پر عوام ہجوم جمع ہے اور پانی کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اطلاع ملنے وہ دیگر اہلکاروں کے ہمراہ مذکور مقام پر دن 3 بج کر 30 منٹ پر پہنچا تو دیکھا کہ 100 سے 200 لوگوں کا ہجوم جمع ہے اور کچھ لوگ ان کو منتشر کر رہے ہیں جبکہ دونوں اطراف آنے جانے والے روڈ بند کیے ہوئے تھے جس کی وجہ سے عوام الناس کو دشواری ہو رہی تھی اور ٹریفک میں خلل پڑ رہا تھا۔
اے ایس آئی نے کہا کہ عوام کا ہجوم گاڑیوں کو نقصان پہنچا رہا تھا جس پر مزید نفری طلب کیا اور عوام کے ہجوم کو موقع سے بھگایا اور دونوں روڈ کھلوا کر ٹریفک کی روانی یقینی بنایا۔
مدعی کے مطابق موقع سے احتجاج کرنے والوں کے نام معلوم کیے تو ان میں چند افراد کی شناخت ہوئی جبکہ 100 سے 200 نامعلوم ملزمان صورت شناس نیت مشترکہ سے روڈ بلاک کر کے احتجاج کر رہے تھے، لوگوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا رہے تھے اور کار سرکار میں مداخلت کر رہے تھے۔
کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا جو نامزد سمیت دیگر کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔