کراچی:
شہر قائد میں بھتہ مافیا کے خلاف وسیع آپریشن کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
پاکستان رینجرز (سندھ) اور ایس آئی یو پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقوں گارڈن، پی آئی بی کالونی اور نیو کراچی میں بھتہ وصولی سے منسلک گروہ کے خلاف آپریشن کیا۔
اس دوران بھتہ مافیا سے تعلق رکھنے والے 6 ملزمان محمد خان عرف محمد جان، علی محمد، بلاول عرف بلال لاسی، عبد السمیع، احمد رضا عرف اے ڈی اور زین علی کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان محمد خان عرف محمد جان، علی محمد اور بلاول عرف بلال لاسی کا تعلق جمیل چھانگا گروہ سے ہے۔ یہ ملزمان زیر تعمیر عمارتوں اور شادی ہالوں سے بھتہ وصول کر کے بیرون ملک مقیم جمیل چھانگا تک رقم پہنچانے میں ملوث تھے۔
اسی طرح گرفتار ملزم عبد السمیع بدنام زمانہ بشیر عرف ماما کا بیٹا ہے، جو روڈ حادثے میں ہلاک ہو چکا ہے۔ بشیر عرف ماما کا تعلق بھتہ مافیا کے سرغنہ احمد علی مگسی گروہ سے تھا۔ تفتیش کے مطابق عبد السمیع بھتہ وصولی کے نیٹ ورک کو دوبارہ فعال کرنے کی کوششوں میں مصروف تھا اور خود بھی پی آئی بی کالونی کی کاروباری شخصیات اور فیکٹریوں سے بھتہ وصولی میں ملوث رہا ہے۔
علاوہ ازیں گرفتار ملزم احمد رضا عرف اے ڈی کا تعلق صمد کاٹھیاواڑی گروہ سے بتایا گیا ہے۔ ملزم نیو کراچی میں واقع فیکٹریوں، پکوان سینٹرز اور دیگر کاروباری افراد کے موبائل نمبرز اور معلومات بھتہ مافیا کے سرغنہ کو فراہم کرتا تھا۔ اس کے علاوہ بھتہ نہ ملنے کی صورت میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے گروہ کے دیگر کارندوں کے ذریعے متاثرین پر فائرنگ کروانے میں بھی ملوث رہا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم زین علی کا تعلق بلال پپو گروہ سے ہے۔ وہ جہان آباد اور شیر شاہ کے اسکریپ گوداموں سے بھتہ وصولی کے علاوہ منشیات فروشی میں بھی ملوث ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔