کراچی: فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد زخمی، 18 سالہ نوجوان نے خودکشی کرلی

نوجوان نے گھریلو ناچاقی کے باعث اپنے سر پر گولی ماری، ورثا بغیر پولیس کارروائی لاش لے گئے


ویب ڈیسک June 08, 2026

فرنٹئیر کالونی اور اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ کے پُر اسرار واقعات میں 7 سالہ بچی اور ایک شخص زخمی ہوگئے، شادمان ٹاؤن کے رہائشی نوجوان نے سر پر گولی مار کر خودکشی کرلی۔

تفصیلات کے مطابق شارع نور جہاں کے علاقے شادماں ٹاؤن سیکٹر 14/B مکان نمبر A-74 ندیم آرکیڈ میں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 18 سالہ معاذ ولد خالد کے نام سے کی گئی، نوجوان نے گھریلو ناچاقی کے باعث گھر میں خود کو سر پر گولی مار کر خودکشی کی ہے، ورثا نے پولیس کارروائی کرانے سے انکار کردیا جبکہ میڈیا سے بھی بات چیت نہیں کی اور لاش اپنے ہمراہ لے گئے۔

پیرآباد کے علاقے فرنٹئیر کالونی ایک نمبر کیکر میدان کے قریب گھر میں پراسرار فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق زخمی کی شناخت 25 سالہ جواد خان ولد سرزمین خان کے نام سے کی گئی، واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پیش آیا۔

اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ سندھ گوٹھ میں پراسرار فائرنگ سے ایک بچی زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والی بچی کی شناخت 7 سالہ زینب دختر شان کے نام سے کی گئی، واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پیش آیا، پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔