اسرائیل کا ایران کے ماہشہر پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر حملہ، کارون پلانٹ کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات

ایرانی حکام کی جانب سے حملے میں ممکنہ جانی نقصان یا پیداوار پر اثرات کے بارے میں کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا


ویب ڈیسک June 08, 2026

ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران کے جنوب مغربی صوبے خوزستان میں واقع ماہشہر شہر کے ایک اہم پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو اسرائیلی حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق خوزستان کے ایک سیکیورٹی عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی افواج نے ماہشہر میں واقع کارون پیٹروکیمیکل کمپنی پر حملہ کیا۔

عہدیدار کے مطابق حملے کے نتیجے میں پلانٹ کے بعض حصوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم نقصانات کی مکمل تفصیلات اور ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں معلومات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے حال ہی میں ایران کے جنوب مغربی علاقے ماہشہر میں واقع پیٹروکیمیکل کمپلیکس کے متعدد اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق کارروائی سے متعلق مزید تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔

ماہشہر ایران کے اہم صنعتی اور توانائی مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں متعدد پیٹروکیمیکل تنصیبات قائم ہیں۔ اس حملے کو ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری فوجی کشیدگی میں ایک نئی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے خطے کی سلامتی اور توانائی کے شعبے پر اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تاحال ایرانی حکام کی جانب سے حملے میں ہونے والے ممکنہ جانی نقصان یا پیداوار پر اثرات کے بارے میں کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔